Home / Pakistan / جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے، مدت پوری کریں گے، شاہد خاقان عباسی

جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے، مدت پوری کریں گے، شاہد خاقان عباسی

ڈیووس: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے تاہم ملک میں کوئی غیر یقینی کی صورت حال نہیں ہے جب کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

ڈیووس میں پاکستان بریک فاسٹ کے نام سے منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم جمہوریت سیکھ رہے ہیں، پاکستان میں اس وقت جو بھی ہو رہا ہے جمہوریت کے دائرے میں رہتے ہوئے ہو رہا ہے، پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کی ایک مثال میری تقریب میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی ہے، ہم سول ملٹری تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ تمام ادارے آئین اور قانون کے دائرے میں کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، ہم اس کا جواب دے بھی سکتے ہیں مگر صبر و تحمل کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔
شاہد خاقان نے کہا کہ پاکستان کو چین کی قیادت کے ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ اقدام کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہے ، پاک چین اقتصادی راہداری سے کئی ممالک کو روزگارکے مواقع، صنعتی ترقی اور رابطوں میں بہتری کی صورت میں فوائد پہنچیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی ایک مثبت اورخوش آئند اشاریہ ہے اورتمام اداروں کو یکجا ہوکر اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ملک کی ترقی اور استحکام کیلیے کام کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سخت محنت اور عزم کے باعث امن وامان کی صورت حال میں تبدیلی آئی اور ملک پرسرمایہ کاروں کے اعتمادکو بحال کیا گیا، حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان کے پاس اپنی ضرورت سے زیادہ گیس مہیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پائیداراورموثرانداز میں توانائی کی قلت پر قابو پا لیا ہے، گوادرکی بندرگاہ اب آپریشنل ہوچکی ہے جہاں عالمی معیار کی شپمنٹس اور لاجسٹک سہولتیں مہیا ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے، علاوہ ازیں وزیراعظم سے عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیئرمین پروفیسر کلاس شواب نے ملاقات کی اور پاکستانی معیشت میں نمایاں نمو حاصل کرنے پر موجودہ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی نمو رواں برس 6 فیصد تک پہنچ جائے گی، شاہد خاقان عباسی سے ٹرینا سولر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، چیئرمین جیفان گاؤ نے بھی ملاقات کی، وزیر اعظم نے ٹرینا سولر کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سولر پینلز بنانے کے پلانٹ لگائیں، پاکستان انھیں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرے گا اور ٹیکس مراعات بھی دے گا جس پر انھوں نے غور کا یقین دلایا۔

شاہد خاقان سے ای این آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کلاڈیو ڈسکالزی، ٹرافیگورا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جمی ویئر اور پوما انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیرے ایلیڈری نے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے ڈیووس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ پاکستان 20 کروڑ لوگوں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے اوپن ہے، ہم مشرق و مغرب سمیت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ سی پیک کے جاری منصوبے سے وسیع اقتصادی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ ملک میں جمہوری عمل کی ایک دہائی کی تکمیل کی صورت میں تاریخ بن رہی ہے، پاکستان کے چین اور امریکہ دونوں ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ ہم قوم کے روشن مستقبل کیلئے کام کر رہے ہیں جب کہ امریکہ سے بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

اس موقع پر وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا امریکہ ہمارے ساتھ تعلقات افغان تناظر میں دیکھ رہا ہے۔ عالمی برادری کشمیر، فلسطین اور روہنگیا کے مسائل پر توجہ دے۔

Check Also

شہباز شریف نے چوہدری نثار کو سینیٹ انتخابات میں متحرک کردار ادا کرنے پر راضی کر لیا

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چوہدری نثار کو متحرک کردار ادا کرنے پر راضی ...

Leave a Reply

%d bloggers like this: