Home / Sports / دوسرا ون ڈے؛ پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 247 رنز کا ہدف

دوسرا ون ڈے؛ پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 247 رنز کا ہدف

نیلسن: دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو مقررہ 50 اوورز میں 247 کا ہدف دے دیا۔

نیلسن کے سیکسٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 247 رنز کا ہدف دے دیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اننگز کے آغاز سے ہی پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار رہی، اوپنرز آئے اور چلتے بنے تاہم محمد حفیظ، حسن علی اور شاداب کی نصف سنچریوں نے ٹیم کو سہارا دیا اور پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔
اننگز کے آغاز میں اوپنر اظہر علی 6 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو امام الحق بھی صرف 2 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم 10 رنز بنا سکے اور لوکی فرگوسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک 27 اور کپتان سرفراز احمد صرف 3 رنز بنا کر اسپنر ٹوڈ ایسل کا شکار بنے۔

نصف سنچری بنانے والے محمد حفیظ 60 رنز بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد فہیم اشرف بھی صرف 7 رنز بنا کر لوکی فرگوسن کا شکار ہوئے۔ حسن علی نے بھی اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری بنائی اور 51 رنز پر ٹم ساؤتھی کی گینڈ پر کیچ آؤٹ ہوگئے، شاداب خان نے بھی نصف سنچری اسکور کی اور 52 رنز بنا کر لوکی فرگوسن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ بعدازاں محمد عامر نے 8 اور رومان رئیس 6 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

یاد رہے کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اس اننگز میں نہ صرف اپنی نصف سنچری بنائی بلکہ ون ڈے میچز میں 6000 رنز بھی مکمل کیے اور اسی کے ساتھ وہ 6000 رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے 10ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی جس میں فخر زمان کی جگہ امام الحق کو ٹیم شامل کیا گیا جب کہ باقی تمام کھلاڑیوں میں اظہر علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور رومان رئیس شامل ہیں۔

قبل ازیں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ اس بار ہدف کے تعاقب کے بجائے اچھا ٹارگٹ دینے کی کوشش کریں گے، کپتان نے مزید کہا کہ جب آپ دوسرے ملک جا کر کھیل رہے ہوں تو اس طرح کے فیصلے کرنے پڑتے ہیں تاہم امید کرتا ہوں کہ اس بار اچھا پرفارم کریں گے۔ سرفراز احمد نے بتایا کہ مجبوراً ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے چونکہ پچھلے میچ میں فخر زمان گھٹنے میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے تھے اس لیے ان کی جگہ 22 سالہ امام الحق کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔

Check Also

سرفراز احمد نے شکست کو مایوس کن قرار دیدیا

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ چوتھے میچ میں ...

Leave a Reply

%d bloggers like this: