Home / Business / روپے کی بے قدری سے سریا مہنگا، بلڈرز پریشان

روپے کی بے قدری سے سریا مہنگا، بلڈرز پریشان

کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے کے ساتھ سریے کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو روکنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔

محمد عارف یوسف جیوا نے سریے کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ پہلے سے مصائب کا شکار تعمیراتی صنعت اس سے مزید متاثر ہوگی، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا بہانہ بناتے ہوئے اسٹیل کے ڈیلرز نے سریے کی قیمتوں میں 5000 روپے فی ٹن اضافہ کردیا ہے جب کہ 83 ہزار روپے فی ٹن فروخت ہونے والے سریے کی قیمت 88 ہزار روپے فی ٹن کرنے کے باوجود ڈیلرز نے مزید اضافے کے لیے مارکیٹ میں اسٹیل کی مصنوعی قلت پیدا کردی ہے۔

چیئرمین آباد نے بتایا کہ منصوبوں کے لیے مارکیٹ میں سریا دستیاب نہیں جس سے بلڈرز اور ڈیولپرز پریشانی کا شکار ہیں، اس سے قبل بھی اسٹیل کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہونے کے بعد سریے کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا جب کہ سریے کی قیمتوں میں اضافے سے انفرااسٹرکچر اور دیگر منصوبے شدید متاثر ہوں گے، تعمیراتی لاگت بڑھے گی، بلڈرز اور ڈیولپرز کو مجبوراً مکان اور دکان کی قیمتیں بڑھانی پڑیں گی جس سے عام آدمی براہ راست متاثر ہوگا اور عام آدمی کے لیے گھر خریدنا مزید مشکل ہوجائے گا۔
محمد عارف یوسف جیوا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسٹیل ڈیلرز کی پشت پناہی کے بجائے عوام کے مفاد کا تحفظ کیا جائے، پاکستان میں پہلے ہی 1کروڑ20 لاکھ ہائشی یونٹ کی کمی کا سامنا ہے اور اس میں ہرسال 3 لاکھ یونٹس کا اضافہ ہورہا ہے، کراچی میں کثیر المنزلہ عمارتوں پر پابندی کے باعث تعمیراتی صنعت پہلے ہی تباہی سے دوچار ہے، سرمایہ کاری رکی ہوئی ہے جب کہ سریا مہنگا ہونے کے بعد بلڈرز اور ڈیولپرز مزید منصوبے شروع کرنے سے گریز کریں گے۔

Check Also

پاکستان میں معاشی ترقی کا عمل جاری رہے گا، ورلڈ بینک

اسلام آباد: عالمی بینک نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2017-18 کیلیے پاکستان کی ...

Leave a Reply

%d bloggers like this: