Home / Pakistan / وزیراعلیٰ کے خلاف بغاوت ناکام بنانے وزیراعظم کوئٹہ پہنچ گئے

وزیراعلیٰ کے خلاف بغاوت ناکام بنانے وزیراعظم کوئٹہ پہنچ گئے

کوئٹہ:

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کی کوشش کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کے خلاف بغاوت کو کچلنے کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعظم کی کوئٹہ آمد پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے ائیر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کوئٹہ میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیں گے، وہ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود اچکزئی سمیت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کی کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے وفد سے ملاقات بھی ہوسکتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی اتحادیوں سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے جب کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کل منگل کو بلوچستان اسمبلی میں ہوگی۔

دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے  شہباز شریف نے کہا کہ ہم جمہوری عمل کو سپورٹ کرتے ہیں اور چاہتے  ہیں کہ ملک میں جمہوری عمل چلتا رہے، بلوچستان میں ہماری حکومت کے وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سے کچھ نہیں ہوگا ہماری حکومت کو اس سے کوئی خطرہ نہیں جب کہ جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ منتخب نمائندے اپنے فیصلے خود کریں۔

ادھر قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی مولانا عبدالواسع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی سیاست میں بڑی تبدیلی آرہی ہے، یہ سمجھیں تحریک عدم اعتماد آج سے ہی کامیاب ہوگی، بلوچستان سے بھی اب کہا جائے گا کہ مجھے کیوں نکالا۔

مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمہوری طریقے سے تبدیلی کو سازش کہا جارہا ہے، تحریک عدم اعتماد ایک جمہوری عمل ہے جس کو کامیاب بنائیں گے جب کہ وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی کامیاب ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: مشکلات سے دوچار وزیراعلیٰ بلوچستان کا نواز شریف سے رابطہ

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے۔ انہیں گزشتہ روز ایک اور دھچکا لگا کیونکہ ق لیگ کے وزیر شیخ جعفر مندوخیل بھی مستعفی ہوگئے جس کے بعد مستعفی وزرا و مشیروں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کل منگل کو بلوچستان اسمبلی میں ہوگی، جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بعض قوتیں سینیٹ الیکشن رکوانے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں۔  مسلم لیگ (ق) کے رہنما عبدالقدوس بزنجو نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں شامل اراکین اسمبلی کی تعداد 40 تک جا پہنچی ہے۔

Check Also

شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، آصف زرداری

شلاہور: سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون ...

Leave a Reply

%d bloggers like this: