Home / Sports / پی ایس ایل تھری میں فائنل کی میزبانی پر بورڈ تذبذب کا شکار

پی ایس ایل تھری میں فائنل کی میزبانی پر بورڈ تذبذب کا شکار

لاہور: پی ایس ایل تھری فائنل کی میزبانی پر پی سی بی تذبذب کا شکار ہے جب کہ شیڈول میں کراچی کا نام موجود پریس ریلیز میں ’’کوشش جاری ہے‘‘ تحریر کردیا۔
آئندہ سال ہونیوالی پی ایس ایل تھری کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے،ایونٹ کے34 میچز4 وینیوز پر کھیلے جائینگے، گذشتہ ایڈیشن میں مجموعی طور پر 24مقابلے ہوئے تھے لیکن اس بار نئی فرنچائز ملتان سلطانز کے آنے سے مقابلوں کی تعداد اور ٹورنامنٹ کی طوالت میں اضافہ ہوا ہے، تمام لیگ میچز اور پہلا پلے آف دبئی و شارجہ میں شیڈول کیے گئے ہیں،2 پلے آف لاہور اور فائنل کراچی میں ہوگا، ابوظبی میں میچز کرانے کا ارادہ تبدیل کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب 22 فروری کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہو گی، اسی روز پہلا میچ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلا جائیگا،دوسرے روز کراچی کنگز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ ملتان سلطانز کا لاہور قلندرز سے ہوگا۔
26 فروری تک دبئی میں 8میچز مکمل ہونے کے بعد ایک روز آرام اور پھر 4مارچ تک ٹیمیں شارجہ میں سرگرم رہیں گی،ایک روز ریسٹ کے بعد اگلا مرحلہ 11 مارچ تک دبئی میں مکمل ہوگا جب کہ 13سے 16مارچ تک شارجہ میں میچز ہونے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم 2،2 باردیگر ٹیموں کے مقابل ہوگی، یہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی ابتدائی4 ٹیمیں پلے آف مرحلے کیلیے کوالیفائی کرینگی، پہلا پلے آف دبئی میں 18مارچ کو ہونا ہے، دوسرا 20مارچ اور تیسرا اگلے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں رکھا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول میں 22، 23اور 24اگست کی تاریخوں کے آگے فائنل یا وینیو کچھ بھی درج نہیں تاہم الگ بھجوائے جانے والے چارٹ میں فیصلہ کن میچ 25اگست کو کراچی میں درج کیا گیا ہے، دوسری جانب پی سی بی کی پریس ریلیز میں کوئی بات حتمی طور پر کرنے کے بجائے کہا گیاکہ لاہور میں 2 پلے آف میچز اور فائنل کراچی میں کرانے کیلیے کوششں جاری ہیں، اس غیر یقینی صورتحال نے شائقین کو تھوڑا تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
واضح رہے کہ تمام نظریں کراچی میں فائنل پر مرکوز ہیں، یہاں آخری بار کوئی انٹرنیشنل میچ 2009میں کھیلا گیا جو پاکستان میں مکمل ہونے والا آخری ٹیسٹ میچ بھی تھا، اسکے بعد لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ ہوگیا، ٹیسٹ میچ بھی ادھورا رہ گیا اور پاکستان کے میدان ویران ہوگئے، گذشتہ ماہ پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ہم پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں کرانے کا عزم رکھتے ہیں۔
اکتوبر میں ہی فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کام کرنے والے آئی سی سی سیکیورٹی ایکسپرٹ ریگ ڈکنسن نے کراچی کا دورہ کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں،پی ایس ایل میچز کے پاکستان خاص طور پر کراچی میں فائنل کا انعقاد ویسٹ انڈین ٹیم کا حوصلہ بھی بڑھادے گا جس کی مارچ میں 3ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے آمد کا اعلان بورڈ نے کررکھا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کا ٹیلنٹ دنیا کو دکھانے کیلیے پی ایس ایل ایک شاندار پلیٹ فارم اورامید ہے کہ شائقین جوق در جوق اسٹیڈیمز کا رخ کرینگے، دیگر گھروں میں ٹی وی پر میچز کا بھرپور لطف اٹھا سکیں گے۔

Check Also

سرفراز احمد نے شکست کو مایوس کن قرار دیدیا

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ چوتھے میچ میں ...

Leave a Reply

%d bloggers like this: